کراچی(نیوزڈیسک)مفتی شامزئی ودیگر علما اور پولیس انسپکٹر ناصر الحسن سمیت دیگر کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم وصی حیدر کو پولیس نے فیڈریا بی ایریا سے گرفتار کرلیا ہے۔ڈی آئی جی ایسٹ فیروزشاہ کے مطابق گرفتارملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔حکام کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کر کے علمائے کرام اور انسپکٹر ناصر الحسن سمیت دیگر افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اہم ملزم کو گرفتار کرلیاہے، ملزم سے دستی بم اور اسلحہ برآمدکرنے کا بھی دعویٰ کیاگیاہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ فیروزشاہ کے مطابق وصی حیدرولدحسن رضا جامعہ بنوریہ کے مفتی نظام الدین شامزئی ، مفتی مجید دین پوری سمیت سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے کارکنوں کے قتل میں ملوث ہے اوراس نے قتل کی متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔ ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر 2002میں حیدر آباد سے کراچی منتقل ہوا اور 2004میں سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد پہلی کارروائی 2005میں گرومندر کے قریب کی ، جہاں مفتی نظام الدین شامزئی کو شہید کیا۔2007میں لائنز ایریا میں صفدر نامی کباڑی کو بھتہ نہ دینے اور 2009میں ایس ایچ او بریگیڈ انسپکٹر ناصر الحسن کو لائنز ایریا میں ہی ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔2010 میں لائنز ایریا حسینی امام بارگاہ کےقریب ایم کیو ایم حقیقی کے کارکن عبدالشکور کوموت کے گھاٹ اتارا، 2011میں ہائیکورٹ کے ملازم بشیر احمد کو لکی اسٹار کے قریب قتل کیا۔2013میں ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شارع فیصل پر نرسری کے قریب ہائی روف پر فائرنگ کر کے علمائے کرام عبدالمجید دین پوری، حافظ محمد احسان اور مفتی صالح محمد قاضی کو جاں بحق کیا ۔ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2011اور 2012 کے دوران بھی فائرنگ کر کے مذہبی اور سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت 6دیگر افراد کو قتل جبکہ ایک کو زخمی بھی کیا۔ گرفتار ٹارگٹ کلر سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔