کراچی (نیوزڈیسک) شہر میں جاری حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے عناصرکا پتا چلا لیا ہے ۔ اعلی سیکورٹی ذرائع نے انکشاف کیا کہ شہر کے جرائم پیشہ عناصر کراچی آپریشن جبکہ کالعدم جماعتیں آپریشن ضرب عضب سے پریشان ہیں ۔ یہی وجہ ہے دونوں عناصر کے قریب آنے کا باعث بنی اور اب دونوں کا آپس میں گٹھ جوڑ ہوچکا ہے۔ اعلی سیکورٹی ذرائع نے دعوی کیا کہ شہر کے جرائم پیشہ عناصرنے اپنے کارندے کالعدم جماعتوں میں داخل کردیئے ہیں۔ روزنامہ جنگ کے صحافی سیدعارفین کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوںنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکمہ دینے کیلئے ’چینل ٹو‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں۔ ’چینل ٹو‘ سے کام کرانے سے مراد دہشت گرد ی کی کارروائی کسی اور گروپ یا تنظیم سے کرانا ہوتا ہے تاکہ اس واردات کے اصل منصوبہ سازوں کا پتا نہ چل سکے۔ سیکورٹی اداروں کے پاس ’چینل ٹو‘ کی اصطلاح سے متعلق ہونے والی گفتگو کا ریکارڈ موجود ہے۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ کالعدم جماعتیں شہر کا امن تباہ کرنے والوں کا بھر پور ساتھ دے رہی ہیںاور کئی واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھ ٹھوس شواہد ملے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ دہشت گرد کارروائیاں کالعدم جماعتوں کی جانب سے کی جارہی ہیں۔ ایک اعلی انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق شہر میں القائدہ کی برصغیر شاخ کے گروہ بھی ان ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔