گوجر انوالہ(نیوز ڈیسک) گوجر انوالہ میں مطالبات کے حق میں جی ٹی روڈ بلاک کرکے احتجاج کرنے والے چار سو کسانوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ہے ۔ مقدمہ میں سیاسی جماعتوں کے کسان رہنماﺅں کو بھی نامزد کیاگیا ہے ، گوجرانوالہ میں چند روز قبل پنڈی بائی پاس پر جی ٹی روڈ پر کسانوں کے احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام کئی گھنٹوں تک درہم برہم ہو کر رہ گیا تھا ۔ اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھی ۔ جی ٹی روڈ پر احتجاج کرنے پر چار سو کسانوں کیخلاف تھانہ اروپ پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ، مقدمہ میں شباب ملی پاکستان کے نائب صدر فرقان عزیز بٹ، ضلعی امیر جماعت اسلامی بلال قدرت بٹ اور تحریک انصاف کے کئی مقامی کسان رہنما بھی نامزد کیے گئے ہیں ۔ پولیس کا موقف ہے کہ کسی کو عوام کو تنگ کرنے کی اجازت نہین دی جائیگی ۔ جبکہ دوسر ی جانب کسان رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ وہ مقدمات سے ڈرنے والے نہیں ، مطالبات کی منظور تک احتجاج جاری رکھیں گے ۔