اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) حکومت اور حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری کے حکومت مخالف بیان کو نظر انداز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے رہنماﺅں سے کہا ہے کہ وہ اس بیان پر رد عمل کا اظہار نہ کریں۔ باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم نے آصف زرداری کے بیان کو سنا اور کسی طرح کے رد عمل کا اظہار نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم پورا دن مصروف رہے اور ملک کے مختلف حصوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس میں اظہار خیال کیا۔ انہیں آصف زرداری کے بیان کے متعلق ان کے خصوصی اسسٹنٹ آصف کرمانی نے بتایا۔ ایک سوال کے جواب میں ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بیان کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف یا وزیر داخلہ چوہدری نثار سے مشاورت نہیں کی۔ دونوں شخصیات لندن میں ہیں۔ اسی دوران حکومت نے پیپلز پارٹی کے ساتھ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر معمول کے تعلقات برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ حکومت اور مسلم لیگ (ن) کو پیپلز پارٹی یا اس کی قیادت سے کوئی شکایت نہیں ہے۔