اسلام آباد (نیوزڈیسک)کراچی کے بعد اسلام آباد میں بھی چائنہ کٹنگ سکینڈل ابھرنا شروع ہوگیا ہے اور توقع ہے کہ اس کی زد میں بھی اہم شخصیات آسکتی ہیں تاہم سب سے زیادہ دباﺅ وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے پر آنے کاامکان ہے جس نے پلاٹوں کی بھرپور انداز میں بندر بانٹ کی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ بیس سالوں کے دور ان وفاقی دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر زمینوں پر قبضے کئے گئے ہیں جن کی مالیت بیس ارب روپے سے بھی زائد ہے رپورٹ کے مطابق اسلام آباد بھی چائنہ کٹنگ سے محفوظ نہیں رہا اور سی ڈی اے کے حکام نے اپنے ملازمین کو ہی چار ہزار سے زائد پلاٹ اونے پونے داموں فروخت کئے رپورٹ کے مطابق اس مہم کے دور ان نہ صرف گرین بیلٹ کا بہت سا علاقہ قبضہ میںلے لیا گیا بلکہ اس غیر قانونی کاروبار کی زد میں کئی پبلک پارک ¾ مساجد اور ہسپتالوں کےلئے مخصوص زمین بھی آ گئی ۔ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں نے اس ضمن میں ریکارڈ کی چھان بین شروع کر دی ہے جس کی روشنی میں بڑے پیمانے پر کارروائیوں کا امکان ہے میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ سکینڈل آنے کے بعد سی ڈی اے میں کھلبلی مچ گئی ہے اور سی ڈی اے بورڈ نے بھی اس کی مکمل تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے اس مقصد کےلئے آئندہ چند روز میں باقاعدہ لائحہ عمل سامنے آنے کاامکان ہے ۔