کراچی(نیوزڈیسک)ایم کیوایم کے سینئر رکن عامر خان کو رابطہ کمیٹی میں شامل کر لیا گیا ہے ، اس بات کا اعلان ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے جمعہ کی سہ پہر نائن زیرو پر ایم کیوایم کے خورشید بیگم سیکر یٹریٹ میں رابطہ کمیٹی اور ایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات کے اراکین کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب میں کیا َ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں رابطہ کمیٹی کو تحلیل کیا گیا تھا جس میں عامر خان بھی شامل تھے لیکن نئی رابطہ کمیٹی کے اراکین سے صلاح ومشورے سے عامر خان کو رابطہ کمیٹی میںشامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور میں اس فیصلے کی توثیق کر تا ہوں ۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ آج میڈیا پر یہ خبر آئی ہے کہ عامر خان کے خلاف تمام مقدمات کے چالان وغیرہ عدالت میں جمع کر ادیئے گئے ہیں میں ایم کیوایم دشمن تما م قوتوں پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ تم اپنی طاقت استعمال کرو ،ہم اپنا عزم استعمال کریں گے اور اس کڑے اور برے وقت میں عامر خان کوتنہا نہیں چھوڑیں گے ۔اس موقع پر اجلاس کے شرکا ءنے ذور دار تالیوں سے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔