کراچی (نیوزڈیسک)وفاقی تحقیقاتی تی ادارے (ایف آئی اے ) ہیومن ٹریفکنگ سیل نے لیاری میں کارروائی کرکے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2ایجنٹوں سمیت 13ایرانی باشندوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔غیر ملکی باشندوں نے بھاری رشوت دے کر قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بنوا رکھے تھے ۔ملزمان کے کرمنل ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے ۔یہ بات ایف آئی اے کے ہیومن ٹریفکنگ سیل کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اشفاق عالم نے جمعہ کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس میں بتائی ۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے ہیومن ٹریفکنگ سیل نے جمعرات کو خفیہ اطلاع پر لیاری کے علاقے میں چھاپہ مارکر 13غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔گرفتار افراد کا تعلق ایران سے ہے ۔گرفتار افراد نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ جیوانی کے سمندری راستے سے پاکستان پہنچے تھے جہاں سے انہیں ایجنٹوںکے ذریعہ کراچی کے علاقے منتقل کیا گیا ۔ملزمان نے بتایاکہ وہ کراچی سے دبئی جانا چاہتے تھے ۔اشفاق عالم نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2ایجنٹوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے سیکڑوں شناختی کارڈ ،200جعلی پاکستانی پاسپورٹ، 5ایرانی پاسپورٹ اور 2تنزانیہ کے پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے ۔انسانی اسمگلروں نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ غیرملکیوں کے پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے کے لیے ضلعی کونسلوں سے نادرا پیدائشی سرٹیفکیٹ بنواتے تھے اور ان پیدائشی سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حاصل کیے جاتے تھے ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر اشفاق عالم نے مزید بتایاکہ گزشتہ دنوں بھی ریڈ بک میں نامزد ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2ملزمان کو جعلی ڈگریوں اور دستاویزات کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا ۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں