لاہور (نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ملاقات کی جس میں باکسنگ کے کھیل کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان نے باکسنگ کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ باکسر عامر خان کی باکسنگ کے میدان میں کامیابیوں سے پاکستانی عوام کو بھی خوشی ہوتی ہے کیونکہ ان کے خاندان کا تعلق پاکستان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ سمیت ہر کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو نکھار کر آگے لایا جائے ، یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں باکسنگ کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے عامر خان کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کریں گے کیونکہ باکسنگ کے میدان میں پاکستانی باکسرز کو جدید تربیت کی ضرورت ہے ۔ ہمیں خوشی ہوگی کہ عامر خان پاکستانی باکسرز کو تربیت فراہم کریں، اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دے کر انتہاپسندی کے رجحانات کو ختم کیا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت بڑے شہروں اور قصبوں میں خالی سرکاری زمینوں پر کھیلوں کے نئے میدان اور سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ سپورٹس سنٹرز اور جمنازیمز میں کھیلوں کی جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور ان اقدامات کا مقصد نوجوانو ںکو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور ان کے اندر چھپے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے۔باکسر عامر خان نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مثبت کام کر رہے ہیں اور میں پاکستانی باکسرز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت دینے کا خواہاں ہوں۔ صوبائی وزیر تعلیم و کھیل رانا مشہود احمد، صوبائی سیکرٹری کھیل، باکسر عامر خان کے والد سجاد خان اور بھائی طاہر خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔