لاہور( نیوزڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہمیں طعنے دیتی ہے لیکن خود نواز لیگ سے ملی ہوئی ہے ،پہلے دن سے موقف ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ،پیپلز پارٹی ختم نہیں ہوئی مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں مسلم لیگ (ن) زون 154سے تعلق رکھنے والے رہنماﺅں اور کارکنوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پراشرف بھٹی ، بیرسٹر عامر حسن ،شہزاد شفیع ،فیصل میر اور ڈاکٹر ضرار بھی موجود تھے ۔سینیٹر سعید غنی نے نئے آنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان گزشتہ 37 سالوںسے لاہور اور پنجاب میں(ن )لیگ کی ریاستی مشینری کے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں ،988 1میں پیپلزپارٹی نے لاہور میں ۱یک کے سوا تمام نشستیں جیتی تھیں ،اب دوبارہ مختلف پارٹیوں کے کارکنان کا پی پی پی میں شامل ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ لاہور ایک مرتبہ پھر پیپلزپارٹی کا گڑھ بنے گا ۔انہوں نے کہا کہ جمہوری سسٹم کو غیر آئینی طریقے سے ختم کرنے کے خلاف ہیں۔ استعفوں سے ایم کیو ایم کو زیادہ نقصان ہوگا،ایم کیو ایم کے استعفوں سے سسٹم کو بھی نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں رابطے غلط بات نہیںیہی جمہوریت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیں طعنے دیتی ہے لیکن نواز لیگ سے ملی ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ الیکشن کمیشن میں خرابیاں ہیں لیکن دھمکی کے ذریعے استعفے مانگنا درست نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارتی ختم نہیں ہوئی مشکل دور سے گزر رہی ہے ۔