لاہور( نیوزڈیسک )قصور واقعہ ،راناثناءاللہ نے عمران خان پر الزام لگادیا،صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ خاں نے کہا ہے کہ قصور واقعہ کی شفاف تحقیقات جاری ہیں۔ اس واقعہ پر کسی کو سیاست چمکانے کا موقع نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب قصور واقعہ کی تحقیقات کی ازخود نگرانی کر رہے ہیں۔ قصور واقعہ کے لواحقین نے تحقیقات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے جو کہ شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس گھناﺅنے جرم میں ملوث مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا اور نہ صرف انصاف ہو گا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گی۔ رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ عمران خان ہوش کے ناخن لیں اور دھرنوں‘ الزامات اور تشدد کی سیاست سے معیشت کے تیزی سے چلتے ہوئے پہیے کو پھر سے روکنے کی منفی کوشش نہ کریں۔ عمران خان کی پریس کانفرنس کے جواب میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ملکی معیشت کا تیزی سے چلتا ہوا پہیہ عمران خان کے لئے باعث تکلیف ہے اور یہی وجہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ آنے کے باوجود وہ دھاندلی کا واویلا کر رہے ہیں۔ عمران خان کو سمجھ لینا چاہیے کہ عوام دھرنوں اور الزامات کی سیاست کو رد کر چکے ہیں اور وہ صرف مثبت سیا ست کو پسند کرتے ہیں۔