لاہور( نیوزڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے خط کا شق وار جواب دینے کا فیصلہ کر لیا جبکہ واضح کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کسی کے کہنے پر مستعفی نہیں ہوں گے۔ نجی ٹی وی نے الیکشن کمیشن کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں عمران خان کے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط کا جائزہ لیا جارہا ہے جس کا شق وار تفصیلی جواب دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کسی کے کہنے پر الیکشن کمیشن کے ممبران ہرگز مستعفی نہیں ہوں گے اور اس کےلئے آرٹیکل 209کے تحت سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کیا جائے ۔یاد رہے کہ عمران خان نے این اے 122کا فیصلہ آنے کے بعد الیکشن کمیشن کو الٹی میٹم دیا تھاکہ ان کے خط کا دو ہفتوں میں جواب دیا جائے وگرنہ وہ الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھرنا دیں گے۔