کراچی(نیوزڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج وسابق رکن قومی اسمبلی وسیم اختر نے مطالبہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے ٹائیگر ونگ سے جسٹس وجیہہ الدین کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ ایک بیان میں انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اصولی مخالفت پر جسٹس وجہہ الدین کو دھمکی آمیز خط لکھنے پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس دھمکی آمیز رویے سے صاف ظاہر ہے کہ پی ٹی آئی کے عسکریت پسند عناصر مخالفت کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں اور اپنی ہی جماعت کے سینئر اور معزز رہنما جسٹس وجیہہ الدین تک کودھمکی آمیز خط لکھ کران کی زباں بندی کی کوشش کررہے ہیں ۔ وسیم اختر نے کہاکہ پی ٹی آئی کے سنجیدہ رہنماو¿ں کو چاہیے کہ وہ اپنی جماعت کے ٹائیگروںکے دھمکی آمیز رویے کا فوری نوٹس لیں ۔ وسیم اختر نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ تحریک انصاف کے ٹائیگرونگ کی جانب سے جسٹس وجیہہ الدین کو دھمکی آمیز خط کے ذریعہ ہراساں کرنے کا نوٹس لیاجائے، اس میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے اورجسٹس وجیہہ الدین کو تحفظ فراہم کیاجائے ۔