کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی سکول وین ایسو سی ایشن نے کل حکومتی فیصلے کے خلاف ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا ، نجی ٹی وی کے مطابق حکومت کی طرف سے گاڑیوں کو سی این جی پر منتقل کرنے کے احکامات کے بعد اسکول وین مالکان نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑیوں کو سی این جی یا ایل پی جی سے پٹرول پر منتقل کرنا اضافی بوجھ ہے، اس سے ہماری روزی روٹی ختم ہوجائے گی ، حکومت فیصلہ پر نظر ثانی کرے ، خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ نے سکول وین میں ایل پی جی اور سی این جی سیلنڈر ختم کرنے کے احکامات جاری کیے اور 21اگست سے خلاف ورزی کرنے والے مالکان کیخلاف کاروائی کا بھی کہا تھا ،ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق ایسے اقدامات کا مقصد سکول جانے والے بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے ، انہوں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈرائیور حضرات گاڑی پر سکول نام کا بورڈ آویزاں کریں ، بچوں کو سیٹ بائی سیٹ بٹھائیں اور ایک ہیلپر بھی ساتھ رکھیں ،خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کو جیل بھیجنے کے ساتھ بھاری جرمانہ بھی عائد کرنے کا کہا گیا تھا