اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی ترقیاتی ادارےّ سی ڈی اے ) نے پاکستان کو پاک چائنہ دوستی سینٹر کا تحفہ دینے والے دوست ملک کو بھی نہ بخشا، چینی کلچرل سینتر کھولنے کی اجازت دینے کیلئے 50ہزار ڈالر ماہانہ کرایہ مانگ لیا ،چینی حکام سی ڈی اے کی اس مطالبے پر حیران رہ گئے اور معاملہ سے متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا ۔یہ انکشاف منگل کو وزارت اطلاعات و قومی ورثہ کے سینئر عہددارا مشہود اے مرزا نے منگل کو ایک پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا ،ان کا کہنا تھا کہ پا ک چین دوستی سینٹر وزارت قومی ورثہ سے لیکر سی ڈی اے کو دیدیا گیا ہے حالانکہ سی ڈی اے کا ثقافت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے، پاک چین دوستی کے فروغ کیلئے بنایا جانیوالا یہ سینٹر اس وقت شادی حال کیلئے بھی استعمال کیا جا رہا ہے ، چینی حکومت کئی ماہ سے کوشش کر رہی ہے کہ وہ سی ڈی اے کیساتھ ملکر یہاں چینی کلچرل سینٹر کھول سکیں مگر وہ ابھی تک اس میں کامیاب نہیں ہوئے کیونکہ سی ڈی اے نے کلچرل سینیٹر کیلئے 50ہزار ڈالرز ماہانہ کرایہ مانگا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی شرط رکھی ہے کہ سینیٹر کی مرمت اور یو ٹیلیٹی بلز بھی وہ خود ادا کرینگے جس پر چینی حکام حیران رہ گئے اور کہاکہ انہیں تواس تحفہ کے لینے کے دینے پڑ گئے ہیں اور اب وہ کلچرل سینٹر کھولنے کیلئے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس سے بات چیت کر رہے ہیں