باجوڑ(نیوزڈیسک) باجوڑایجنسی سے سابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءسید اخون زادہ چٹان کا بیٹا بحفاظت بازیاب ہوگیا ہے۔ حکام کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنماءسید اخون زادہ چٹان کا گیارہ سالہ بیٹا حسین شاہ جسے نامعلوم افراد نے پیر کی صبح ان کے گھر کے قریب سے اغوا کیا تھا کو منگل کی صبح گیارہ بجے بحفاظت بازیا ب کیا گیاہے ۔ حکام کے مطابق مغوی حسین شاہ کو صدر مقام خار کے قریب ڈوسئی نامی قبرستان سے بازیاب کرالیا گیاہے ۔ حکام کے مطابق باجوڑ لیویز فورسز کی گشتی پارٹی معمول کی گشت پر تھی کہ انھو ںنے قبرستان کے قریب ایک لڑکے کو سڑ ک کنارہ بیٹھے دیکھا ۔لڑکے پر نظریں لگ جانے کے فوراً بعد لیویز اہلکار و ںنے لڑکے کو گاڑی میں بھٹایا اور ان سے پوچھ گچھ شروع کی ۔ لڑکے کی شناخت کے بعد لیویز اہلکاروں نے اسے سول کالونی خار پہنچادیا جہاں پر انتظامیہ کے اعلیٰ حکام ، سابق رکن قومی اسمبلی اور خاندان کے دیگر لوگ سول کالونی خار پہنچ گئے بعد میں لڑکے کوانتظامیہ نے سخت سیکورٹی میں اپنے گھر پہنچایا ۔ رکن قومی اسمبلی سید اخون زادہ چٹان نے اپنے بچے کی بحفاظت بازیابی پر گورنر خیبر پختو خوا، سیکورٹی فورسز ، مقامی انتظامیہ کے حکام اور علاقہ کے لوگوں کے تعاون کاشکریہ اداکیا۔