اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کے لیے درخواست پر فل بنچ تشکیل دے دیا۔الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کے لیے درخواست ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی تو درخواست کی اہمیت کے پیشِ نظر لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس منظور احمد ملک نے درخواست کی سماعت کے لیے فل بنچ تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔درخواست گزار کے وکیل سردار آفتاب ورک نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ الطاف حسین نے ریاست اور اس کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج کے خلاف بیانات دے کر آئین کی خلاف ورزی کی ہے جس کے خلاف حکومتی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا۔وزارتِ اطلاعات بھی اس پر ابھی تک خاموش ہے چنانچہ الطاف حسین کے خلاف ملک اور افواج کے خلاف بیان دینے پر غداری کا مقدمہ درج کیا جائے ، لاہور ہائی کورٹ کا تین رکنی فل بنچ اس کیس کی سماعت کرے گا جس کی سربراہی جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کریں گے۔فل بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس مظہر اقبال سندھو اور جسٹس ارم سجاد گل شامل ہیں۔