اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد میں پولیس نے ہوٹلوں اور فحاشی کے اڈوں کے خلاف آپریشن کرکے غیرملکی خواتین سمیت 42 افراد کو گرفتار کرلیا,وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی خصوصی ہدایت پر ہفتے کی رات راولپنڈی اسلام آباد پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے آئی جے پرنسپل روڈ کے دونوں اطراف ہوٹلوں اور فحاشی کے اڈوں کے خلاف آپریشن کیا۔ ایس پی انڈسٹریل ایریا رانا طاہر کی قیادت میں ہونے والے آپریشن کے دوران پولیس نے وفاقی دارالحکومت کے علاقے سے 10خواتین کو گرفتار کیا۔ جبکہ ایس آئی یو نے کیپٹن (ر) الیاس کی نگرانی میں خواتین سمیت 28 افراد کو گرفتار کیا جن میں 20غیرملکی شامل ہیں۔ ایف ایٹ میں چلنے والے مساج سینٹر کے مالک چینی باشندے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کی نگرانی میں ہونے والے آپریشن میں اسلام آباد پولیس کے 100کمانڈو نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران خواتین کو لانے لے جانے والے 7 ڈرائیوروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔