اسلام آباد(نیوزڈیسک)وطن پارٹی نے ساہیوال میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے عمل کو روکنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا، لاہور ہائیکورٹ میں وطن پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر ظفر اللہ خان کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چین کی مدد سے ساہیوال میں لگائے جانے والے کول پاورپراجیکٹ کی وجہ سے کاربن ڈائی آکسائیڈ، سلفرڈائی آکسائیڈ پیدا ہوں گی جو سانس کی بیماریوں کا باعث بنتی ہیں جس سے انسانوں سمیت جانوروں اور پرندوں کے سینکڑوں میں تعداد میں جان سے جانے کا خدشہ ہے، درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے یہ زہریلی گیسیں دو سو کلومیٹر تک پھیل کر انسانی صحت کے لئے شدید خطرے کا باعث بنتی ہیں اس کی بڑی مثال کراچی میں گرمی کے باعث ہلاک ہونے والے 1400 افراد کی ہے ،انڈیانے راجستھان میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹ لگا رکھے ہیں جس کے اثرات پاکستان میںکراچی تک آ رہے ہیں ،عدالت سے استدعا ہے کہ ساہیوال میں زیر تعمیر کول پاور پراجیکٹس کو فوری طور پر روکنے کا حکم دیا جائے۔