پشاور(نیوزڈیسک)فرنٹئیر مائن اونرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا نے ضیا ءاللہ آفریدی کے خلاف صوبائی احتساب کمیشن کی کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ محکمہ معدنیات کو سیاسی دباﺅ سے آزاد کیاجائے ۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرنٹئیرمائن ایسوسی ایشن کے صدر شیر بندی خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سالوں سے بد عنوانی نے معدنی سیکٹر کا حلیہ بگاڑ رکھا ہے جس سے حکومتی خزانے سمیت پرائیوٹ سیکٹرز کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات میں سیاسی دباﺅ کے باعث کرپشن ہوتی نہیں کروائی جاتی ہے اور سیاسی قوتیں زیادہ تر افسران کو زد وکو ب کر کے ان سے غیر قانونی کام کرواتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن اپنا فرض سمجھتی ہے کہ وہ تحقیقاتی اداروں کے ساتھ تعاون کر کے معدنی سیکٹر میں ہونے والے بدعنوانی سے آگاہ کر کے اس سیکٹر کو مفلوج ہونے سے بچائے ۔انہوں نے حکومت سے یہ مطالبہ کیا کہ اس محکمے میں بے داغ افسران کی تعیناتی کر کے مائننگ کنسیشن رولز کے ذریعے پورے سسٹم کو بحال کیا جائے تاکہ محکمے کو اربوں روپے کے نقصان سے بچایا جا سکے ۔