اسلام آباد( نیوزڈیسک)سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں داعش کا ہاتھ ہے،سانحہ صفورہ میں ملوث ملزمان کا داعش سے تعلقات کا اعتراف اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ یہ تنظیم ملک میں موجود ہے اور کراچی میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ایک بیان میں رحمان ملک نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو داعش کی جانب سے دھمکیوں اور ملک بالخصوص کراچی میں دہشتگرد کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی ہے ۔ملاقات میں جہاں دہشت گردی، کراچی کی صورتحال اور ملک کی سیاسی صورتحال سے متعلق معاملات زیرِغور آئے وہیں آصف علی زرداری نے دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں فوج کے کردار کو بھی سراہا اور مادروطن کے لیے جان کی قربانیاں دینے والے سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔رحمان ملک کے مطابق آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت رینجرز سمیت سکیورٹی ایجنسیز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔تاہم پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے اس بات پر اصرار کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مشتبہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ معصوم لوگ اس کا شکار نہ ہوں۔رحمان ملک کا کہنا تھا کہ رینجرز اور پولیس کراچی سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے مثال کام کر رہی ہیں۔ انہوںنے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کے نتیجے میں شہر میں جلد امن قائم ہوجائے گا۔پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت اور سندھ حکومت ملک کو درپیش خطرات سے بخوبی آگاہ ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔