کراچی (نیوزڈیسک) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بحریہ ٹاﺅن کے چیئرمین ملک ریاض انسانی ہمدردی کی بنیاد پر حقیقی معنی میں انسانی خدمت کررہے ہیں اور بحریہ ٹاﺅن نے ہر مشکل گھڑی پر عوام کا ساتھ دیا ہے اور آگے بڑھ چڑھ کر متاثرین کی مدد کی ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت نعروں پر نہیں عمل پر یقین رکھتی ہے۔ ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر بعض لوگوں نے سیاست کرنے کی کوشش کی لیکن ہم نے اللہ کی رضا کے لئے بے لوث ہو کر ان کے مسائل کو حل کیا ہے، بعض اینکرز ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔ اچھی خبروں کو سامنے نہیں لایا جارہا ہے جبکہ بحریہ ٹاﺅن کے وائس چیئرمین زین ملک نے کہا ہے کہ جب بھی کوئی قدرتی آفت آئی بحریہ ٹاﺅن کے چیئرمین ملک ریاض نے ہمیشہ لوگوں کی مدد کی۔ انہوں نے جو بھی اعلان کیا ہے، ہم اس اعلان کی تکمیل کے لئے جدوجہد کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاﺅس میں پیر کو بحریہ ٹاﺅن کی جانب سے ٹمبر مارکیٹ اور ہیٹ اسٹروک کے متاثرین میں امدادی چیکوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزراءسہیل انور سیال، جاوید ناگوری، شرمیلا فاروقی، گیان چند اسرانی، وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی راشد حسین ربانی، وقار مہدی، صدیق ابوبھائی، پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سید نجمی عالم، بحریہ ٹاﺅن ڈیزاسٹرمینجمنٹ ٹیم کے سربراہ بریگیڈیئر (ر) طاہر بٹ اور متاثرین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر بحریہ ٹاﺅن کی ٹیم ہیٹ اسٹروک کے متاثرین کی پہلی کھیپ کے 54 جبکہ سانحہ ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین کی دوسری اور آخری کھیپ کے 79 متاثرین میں 5 لاکھ روپے فی خاندان کے امدادی چیک تقسیم کئے جن کا اعلان بحریہ ٹاﺅن کے چیئرمین ملک محمد ریاض حسین نے کیا تھا۔ متاثرین نے ملک ریاض حسین کی خدمات اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو سراہا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نیک جذبے اور انسانیت کی مدد کے لئے ملک ریاض اور بحریہ ٹاﺅن نے آگے بڑھ کر لوگوں کی خدمت کی ہے اور انسانی خدمت کے جذبے کے تحت متاثرین کی مدد کی۔ ملک کے کسی بھی حصے میں کہیں بھی کوئی آفت آئی ہو یا کوئی بھی پریشانی ہو ملک ریاض اور ان کا ادارہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے۔ ان کی خدمات ناقابل فراموش ہےں۔ ہم بحریہ ٹاﺅن کے مشکور ہیں کہ دیگر سانحات کے ساتھ ساتھ ہیٹ اسٹروک کے متاثرین میں بھی امداد تقسیم کرنے کا عمل شروع کیا۔ ملک ریاض بہت نیک انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سانحہ ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین سے وعدہ کیا تھا کہ حکومت سندھ ماضی کے سانحات کے متاثرین کی طرح اس واقعے کے متاثرین کی بھی مدد کرے گی۔ سانحہ بولٹن مارکیٹ کے وقت پیپلز پارٹی کی وفاقی اور صوبائی حکومت تھی۔ وعدے کے مطابق ہم نے لوگوں کو نہ صرف دکانیں تعمیر کرکے دیں بلکہ ان کے معاوضے کی ادائیگی بھی کی۔ یہ متاثرین کو ان کا حق دیا۔ یہی وعدہ ہم نے سانحہ ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین سے بھی کیا تھا۔ ہم نے انہیں یہ اجازت دی تھی کہ آپ اپنے حقیقی نقصانات کی بنیاد پر کلیم کریں ہم ان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے بھی اسی کی بنیاد پر اپنے کلیم بھرے اور مجموعی طور پر حکومت سندھ نے 9 کروڑ روپے سے ان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری کی ہدایت تھی کہ ہر صورت ان کی مدد کی جائے۔ وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے انتھک محنت سے نہ صرف وعدے کی تکمیل کی بلکہ متاثرین کی بحالی میں بھی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ٹمبر مارکیٹ کو بعض لوگوں نے سیاسی ایشو بنانے کی کوشش کی اور کہا کہ حکومت سو رہی ہے۔ ہم انہیں بتادینا چاہتے ہیں کہ ہماری تاریخ ہے کہ ہم نے ہمیشہ متاثرین کی مدد کی ہے۔ سیلاب ہو یا بارشیں یا دیگر قدرتی آفات 90، 90 لاکھ متاثرین کے اخراجات حکومت نے خود برداشت کئے ہیں۔ ہمارے یہاں اچھی خبروں کو سامنے نہیں لایا جاتا ہے اور بعض اینکر تو اپنے ایجنڈے پر کام کرتے ہیں۔ ہمیں ان اینکروں کی نہیں بلکہ عوامی مینڈیٹ کی ضرورت ہے۔ ہم عوامی مینڈیٹ کے مطابق کرتے رہیں گے۔ بحریہ ٹاﺅن کے وائس چیئرمین زین ملک نے کہا کہ بحریہ ٹاﺅن کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے لوگوں کی آگے بڑھ کر مدد کی ہے۔ جب بھی کہیں پر کوئی واقعہ یا سانحہ پیش آتا ہے تو وہ جلد ہی اعلان کرتے ہیں۔ ہم ان کے اعلان کی تکمیل کے لئے دن رات کوششیں کرتے ہیں۔ آج یہاں ٹمبر مارکیٹ کی دوسری کھیپ کو امدادی چیک دیئے جارہے ہیں جو فی خاندان 5 لاکھ روپے ہےں اور ہیٹ اسٹروک کے متاثرین کی پہلی کھیپ کو بھی فی خاندان 5 لاکھ روپے کے حساب سے چیک تقسیم کئے جارہے ہیں۔ ٹمبر مارکیٹ کے سربراہ منظور کاودانی نے کہا کہ ملک ریاض حسین حقیقی معنی میں خدائی خدمت گار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے پہلے ہمیشہ لوگوں کی مدد کی ہے۔ ان کی خدمات اور جذبہ قابل تحسین ہےں۔ ٹمبر مارکیٹ ایشیاءکی بڑی مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔ اس سانحے کے بعد ملک ریاض نے سب سے پہلے تعاون کا اعلان کیا۔ دراصل ملک ریاض حسین سچے اور کھرے پاکستانی ہیں۔ بحریہ ٹاﺅن ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم کے سربراہ بریگیڈیئر (ر) طاہر بٹ نے کہا کہ بحریہ ٹاﺅن اہل وطن کی ہر مشکل میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کرکے دلی سکون ملتا ہے۔ بحریہ ٹاﺅن کے چیئرمین ملک ریاض تمام فلاحی کاموں کی خود نگرانی کرتے ہیں ۔آج کی یہ تقریب بھی ہمارے فلاحی مشن کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں ہم ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں بحریہ ٹاﺅن کے دسترخوان بھی لگتے ہیں جہاں سے لاکھوں افراد استفادہ کرتے ہیں۔ سحری اور افطاری کے لئے بھی انتظامات کئے جاتے ہیں۔ مختلف اسپتالوں میں مریضوں کی نقد امداد بھی کی جاتی ہے۔ بحریہ ٹاﺅن نے مختلف مقامات پر لوگوں کی صحت کے لئے اسپتال بھی قائم کئے ہیں۔ ہم فلاحی شعبے میں آگے بڑھ کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔ متاثرین نے ملک ریاض حسین اور حکومت سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ چیکوں کی تقسیم کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں