لاہور(نیوزڈیسک)حکومت پنجاب نےوزیراعظم اوروزیراعلیٰ کے گھروں اوردفاتر پر ان کی اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت کیلئے تعینات 2751 پولیس اہلکاروں کو 2 کروڑ 11 لاکھ روپے اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ، باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب نے وزیراعظم ہائوس جاتی امرا، وزیراعلی ٰ ہائوس ماڈل ٹائون اورسی ایم سیکرٹریٹ جی او آر ون اور 90 شاہراہ قائد اعظم پر تعینات پولیس افسران اوراہلکاروں کیلئے ایک بنیادی تنخواہ کے اعزازیہ کی سفارش پرمبنی سمری بھیجی تھی۔ منسلک فہرست میں لاہور پولیس کے 2087 اہلکار، 169 پنجاب کانسٹیبلری ،44 راولپنڈی پولیس،62 ٹریفک پولیس ،33 وی وی آئی پیز سیکورٹی (اسپیشل برانچ) 88 اسپیشل برانچ اور 75 پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ ہیں، سی ایم سیکرٹریٹ نے منظوری دیتے ہوئے محکمہ داخلہ کوخط لکھا ہے کہ اعززایہ کی ادائیگی کیلئے فنڈز جاری کردیئے جائیں۔