اسلام آباد(نیوزڈیسک)قومی احتساب بیورو قومی خزانہ سے لوٹے گئے 542 ارب کی واپسی کےلئے سرگرم ہو گیا،لوٹے گئے 542 ارب کی واپسی ،بڑے بڑے ناموںکی دوڑیں لگ گئیں،سیاستدانوں ، بیوروکریٹس اور دیگر عہدیداروں اور حکام کے اختیارات کے ناجائز استعمال سے قومی خزانہ کو 409 ارب روپے کا ٹیکہ لگا۔ نجی ٹی وی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نیب اختیارات کے ناجائز استعمال سکینڈل میں 22 کیسز میں انکوائری کر رہا ہے جن میں سے13 کیسز کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ 15 کیسز میں ملوث ملزمان کے خلاف احتساب عدالتوں میں ٹرائل جاری ہے۔ اراضی سکینڈل میں ملک بھر سے سیاستدانوں، بیوروکریٹس اور انفرادی حیثیت میں لوگوں نے قومی خزانے کو 83 ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔ نیب کی جانب سے اراضی سکینڈل میں تین ایسے مقدمات ہیں جن میں لوٹی ہوئی رقم کا تخمینہ ابھی لگایا جا رہا ہے۔ اراضی سکینڈل کیسز میں 21 کیسز ایسے ہیں جن میں ابھی انکوائری کی جا رہی ہے۔ 12 تحقیقاتی سٹیج پر ہیں جبکہ 17 کیسز میں احتساب عدالتوں میں ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ مالی سکینڈل کے 50 کیسز میں قومی خزانے اور عوام کو دھوکہ دہی سے 50 ارب روپے کے لگ بھگ نقصان پہنچایا گیا۔ مالی سکینڈل میں نیب نے اب تک 3 کیسز میں لوٹی ہوئی رقم کا تخمینہ نہیں لگایا۔ رپورٹ کے مطابق 22 کیسز انکوائری کی سطح پر ہیں۔ 19 تحقیقاتی سٹیج پر جبکہ 9 کیسز میں ٹرائل جاری ہے۔