اسلام آباد(نیوز ڈیسک) محکمہ ریلوے کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی عید ٹرین منافع کے بجائے خسارہ کا باعث بن رہی ہیں جس کی تازہ مثال لاہور سے کراچی آنے والی اسپیشل ٹرین ہے جس میں 16 بوگیاں لگائی گئیں لیکن اس میں صرف 2 مسافر سوار ہوئے۔لاہور سے آج کراچی آنے والی عید اسپیشل ٹرین کے لئے ایک مسافر نے خانیوال اور دوسرے نے روہڑی کے لئے ٹکٹ کٹوایا جب کہ خصوصی ٹرین میں 16 بوگیاں لگائی گئی ہیں جو خالی ہیں، خالی بوگیوں کو دیکھتے ہوئے دونوں مسافروں نے ٹرین میں سفر کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم دونوں مسافروں کو پولیس نے اپنی بوگی میں بٹھا دیا جس میں صرف عملہ ہی سوار ہے۔دوسری جانب ترجمان ریلوے رو¿ف تارڈ نے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر کراچی سے لاہور آنے والے مسافروں کی تعداد زیادہ ہے تاہم لاہور سے کراچی جانے والے مسافروں کی کمی فطری ہے کیوں کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے بہت کم افراد لاہور اور دیگر شہروں میں ملازمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد یہ صورتحال یکسر مختلف ہوجائے گی اور لاہور سے کراچی جانے والے افراد کا رش بڑھ جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ریلوے نے عید کے پہلے اور دوسرے روز کرایوں میں 30 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔