لاہور (نیوزڈیسک) ایان علی کے کیس میں نیا موڑ،لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت سماعت کے لئے منظور کر لی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان ایان علی کی درخواست ضمانت کی ابتدائی سماعت کی، عدالت عالیہ نے ایان علی کے وکیل خرم لطیف کھوسہ سے استفسار کیا کہ پہلے وہ یہ بتائیں کہ ملزمہ کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد دوباریہ درخواست کس قانون کے تحت دائر کی گئی ہے۔ جس پر ایان علی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ کا کسٹم بنچ درخواست ضمانت کو مسترد کر چکا ہے،کسٹم بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیل عدالت عالیہ کے دو رکنی بنچ کے پاس سماعت کی جا سکتی ہے مگر رجسٹرار آفس نے درخواست ضمانت پر اعتراض عائد کر دیا ہے۔ایان علی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا وہ منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں لہٰذا عدالت عالیہ کے کسٹم بنچ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کو سماعت کے لئے دو رکنی بنچ کے پاس بھجوایا جائے اور رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کیا جائے۔عدالت نے ایان علی کی درخواست ضمانت کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرکے ایان علی کی درخواست ضمانت سماعت کے لئے منظور کر لی ۔ جسٹس عبدالسمیع خان نے ہدایت کی کہ ایان علی کی درخواست ضمانت سماعت کےلئے ڈویژن بنچ کے روبرو پیش کی جائے ۔