اسلام آباد(نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے ماڈل گرل ایان علی کی جانب سے دائر دوبارہ درخواست ضمانت کے قابل سماعت ہونے یا ہونے کے معاملہ پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو ملزمہ ایان علی کے وکیل خرم لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ ایان علی بے قصور ہیں ان کے خلاف مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد بنایا گیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ پہلے آپ بتائیں کہ دوبارہ درخواست ضمانت کس قانون کے تحت دائر کی۔ ملزمہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ درخواست ضمانت کسٹم اپیلٹ بینچ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہے ، قانون کے تحت اپیلٹ بینچ کے فیصلے کےخلاف درخواست ضمانت کی سماعت لاہورہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ ہی کر سکتا ہے۔ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔