واشنگٹن(نیوزڈیسک)امریکا میں پاکستانی سفارت خانہ اور قونصل خانے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی سہولت سے تاحال محروم ہیں اس سلسلے میں پچھلے ماہ کچھ پیش رفت ہوئی تاہم عملے نے دوبارہ کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔واشنگٹن میں قائم پاکستانی سفارت خانے نے حکومتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے اب تک مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ جاری کرنے کا کام شروع نہیں کیا . نیو یارک قونصلیٹ میں محکمہ پاسپورٹ کے اضافی عملے نے بھی واشنگٹن رپورٹ کرنے سے انکار کر دیا گذشتہ تین سال سے سہولیات ہونے کے باوجود مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ جاری نہ کرنے کی اب تک نیوز کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے وفاقی حکومت نے پاکستانی سفارت خانے کو فوری طور پر پاسپورٹ کا اجراءشروع کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔اس سلسلے میں نیو یارک اور لاس اینجلس میں محکمہ پاسپورٹ کے اضافی اہلکاروں کو واشنگٹن رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں تاہم ان ہدایات پر اب تک عمل در آمد نہیں کیا جاسکا، ذرائع کے مطابق محکمہ پاسپورٹ کے اہلکاروں نے واشنگٹن اور ہیوسٹن میں رپورٹ کرنے سے انکار کر دیا جن کی حمایت میں دونوں ریاستوں کے قونصل جنرلوں سے موقف دیا کہ ان اہلکاروں کے تبادلے سے قونصلیٹ کے کام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجراءاب تک شروع نہیں ہوسکا اور نہ ہی محکمہ پاسپورٹ کے عملے نے اب تک واشنگٹن رپورٹ کیا ہے-