اسلام (نیوز ڈیسک)سینیٹ الیکشن کے لئے تیاری آخری مراحل میں داخل ہوگئی۔ کاغذات نامزدگی پر اٹھائے گئے اعتراضات اور مسترد ہونے والے کاغذات پر اپیلوں کی سماعت آج اور کل ہوگی۔ اٹھائیس فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائیگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ الیکشن کے لئے فاٹا کے انیس امیدواروں نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔جبکہ پورے ملک سے ک±ل تیس اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔سینیٹ کی باون نشستوں پر انتخابات کے لئے ایک سو چوالیس امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے تھے جن میں سے آٹھ امیدواروں پر اعتراضات سامنے آئے۔صوبہ سندھ سے رحمان ملک کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھایا گیا۔پنجاب سے پرویز رشید ، راجہ ظفر الحق اور پروفیسر ساجد میر کے کاغذات کے خلاف اپیلیں دائر ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے راحیلہ مگسی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اٹھائے گئے۔صوبہ خیبرپختو نخواہ کے امیدوار وقار احمد خان پر دو اور عمار احمد خان پر تین اعتراضات دائر کئے گئے ہیں۔ اعتراضات اور اپیلوں پر سماعت کا سلسلہ آج اور کل جاری رہے گا۔ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 28 فروری شام چار بجے تک واپس لے سکتے ہیں۔اٹھائیس فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست لگے گی، اور پانچ مارچ کو سینیٹ کا الیکشن ہوگا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں