کوہلو /کوئٹہ/اسلام آباد (این این آئی)بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے سے اغوا کیے گئے 11 مزدوروں کو نامعلوم مسلح افراد نے قتل کردیا ۔
مقامی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ مسلح افراد نے دو پک اپ گاڑیوں کو روک کر مجموعی طور پر 16 مزدوروں کو اغوا کیا اور اپنے ساتھ قریبی پہاڑی علاقے میں لے گئے، جہاں انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جبکہ اغوا کیے گئے مزدوروں کی مجموعی تعداد اور دیگر تفصیلات کی سرکاری سطح پر تصدیق تاحال نہیں ہوسکی۔ قتل ہونے والے تمام افراد مزدور تھے جو چمالنگ کول مائنز میں کام کرتے تھے۔پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق کوہلو کی تحصیل جندران میں فائرنگ کے واقعے میں اب تک 11 مزدوروں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق دو افراد کی شناخت ہوچکی ہیں جبکہ دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ایس پی کوہلو طیب اقبال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 11 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اغوا کیے گئے مزدوروں کی تعداد اور دیگر تفصیلات کی تصدیق کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد پولیس، سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش اور مغوی مزدوروں سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کوہلو میں مزدوروں کی گاڑیوں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 11 مزدوروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بے گناہ اور محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا انسانیت سوز، سفاکانہ اور بزدلانہ فعل ہے،روزگار کے حصول کے لیے محنت کرنے والے نہتے افراد پر حملہ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے معصوم شہریوں اور محنت کش طبقے کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم ایسے بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک سانحے پر پوری قوم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ مزدوروں پر حملے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں اپنے انسانیت سوز اقدام کا جواب دینا ہوگا۔ بے گناہ شہریوں اور محنت کشوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ دہشت گردی کے ذریعے صوبے میں خوف و ہراس پھیلانے اور ترقی کے عمل کو متاثر کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں 11 مزدوروں کے بہیمانہ قتل پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور محنت کش افراد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ مزدوروں کو اغوا کرکے قتل کرنا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے اس سفاکانہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزا دلانا ہو گی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ غیرملکی سرپرستی میں جاری دہشتگردی کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔
صدرمملکت نے لواحقین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے چمالنگ میں فائرنگ کے نتیجے میں 11 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اور انسانیت سوز فعل ہے، معصوم شہریوں اور محنت کشوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو واقعے میں ملوث عناصر کی فوری نشان دہی اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوہلو میں مزدوروں پر فائرنگ کی پرزور مذمت کی اور 11 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعیہ پر اظہار افسوس کیا۔محسن نقوی نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم مزدوروں کو نشانہ بنانا بدترین سفاکیت ہے۔انہوںنے کہاکہ فائرنگ کرنے والے درندہ صفت عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
٭٭٭٭٭



















































