کراچی (این این آئی) ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) عابد سلیم قریشی نے اتھارٹی کے دفتری اوقات کار میں اضافہ کرتے ہوئے دفاتر صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے،
جبکہ تمام افسران اور عملے کے لیے وقت کی پابندی اور حاضری لازمی قرار دے دی ہے۔ڈی جی ایس بی سی اے کے مطابق شہریوں کی سہولت اور محکمانہ امور میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے اب ہر قسم کے نوٹسز صرف ”ون ونڈو آپریشن” کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ اور بلڈرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔دوسری جانب عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت ایس بی سی اے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حالیہ ایڈمن سوسائٹی حادثے کی وجوہات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نے ہدایت کی کہ متاثرہ مقام پر امدادی سرگرمیوں اور ملبہ ہٹانے کے عمل کو تیز کیا جائے اور حفاظتی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ عمارت گرنے کے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی جی ایس بی سی اے نے افسران کو شہر میں موجود تمام غیر قانونی فلورز اور عمارتوں کی فہرستیں مرتب کرکے فوری طور پر انہدامی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کراچی میں ”نو مور فلور، نو الیگل کنسٹرکشن” کی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔



















































