اسلام آباد (نیوز ڈیسک)لاہور میں پیٹرول پمپوں پر ڈیجیٹل طریقے سے شہریوں کو کم پیٹرول فراہم کرکے مبینہ طور پر 40 کروڑ روپے لوٹنے کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے چار پیٹرول پمپ مالکان سمیت 14 افراد کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں واپڈا ٹاؤن اور گلشن راوی میں سائبر کرائم حکام نے چھاپے مارے، جہاں چار پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو دھوکا دینے کا انکشاف ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس طریقہ واردات سے عوام سے مجموعی طور پر 40 کروڑ روپے بٹورے گئے۔این سی سی آئی اے کی کارروائی کے دوران پیٹرول پمپ مالکان کے علاوہ ان مشینوں میں خفیہ آلات نصب کرنے والے تکنیکی ماہرین کو بھی گرفتار کیا گیا۔ چھاپوں میں پیٹرول مشینوں کے اندر چھپائی گئی 12 ڈیجیٹل فیول کنٹرول کٹس بھی برآمد ہوئیں۔تحقیقاتی حکام کے مطابق ان مشینوں میں نصب مخصوص آلات کو موبائل فون ایپلی کیشن کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا تھا۔ اس جدید طریقے سے مشین کی اسکرین پر صارف کو مقررہ مقدار کے مطابق مکمل پیٹرول فراہم کیے جانے کا تاثر دیا جاتا، لیکن حقیقت میں گاڑی یا موٹرسائیکل کے ٹینک میں اس سے کم ایندھن ڈالا جاتا تھا۔
اس جعل سازی کے ذریعے شہریوں سے روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے وصول کیے جا رہے تھے، جبکہ صارفین کو مشین کی اسکرین پر ظاہر ہونے والی مقدار کے باعث دھوکا دہی کا علم بھی نہیں ہو پاتا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم ایجنسی اس فراڈ میں استعمال ہونے والی موبائل ایپلی کیشنز اور دیگر ڈیجیٹل نظاموں کی نگرانی کر رہی ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں ملوث مزید افراد کا سراغ لگایا جاسکے۔تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ڈیجیٹل طریقے سے پیٹرول کی مقدار میں ردوبدل کا یہ سلسلہ صرف لاہور تک محدود نہیں بلکہ سرگودھا اور بھلوال سمیت دیگر علاقوں میں بھی ایسی سرگرمیوں کے شواہد ملے ہیں۔ حکام کے مطابق اس غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔



















































