اسلام آباد (نیوز ڈیسک)لاہور کے ایک کالج میں منعقدہ سالانہ کھیلوں کی تقریب کے دوران فضا میں چھوڑے جانے والے چھ غبارے تقریباً 272 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے بھارتی ریاست ہماچل پردیش پہنچ گئے،
جہاں 42 گھنٹے تک ہوا میں سفر کرنے کے بعد ایک رہائشی مکان کی چھت پر جا گرے۔نجی ویب سائٹ ’’پنجاب پوسٹ‘‘ کے مطابق یہ واقعہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن، ٹاؤن شپ لاہور میں پیش آیا، جہاں 19 نومبر 2026 کو سالانہ سپورٹس ڈے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریب کے افتتاح کے موقع پر کالج انتظامیہ نے ایک بینر کے ساتھ غبارے فضا میں چھوڑے، جو سرحد پار کرتے ہوئے بھارتی ضلع سولن کے علاقے تک جا پہنچے۔21 نومبر کو ہماچل پردیش کے ضلع سولن کی تحصیل ارکی کے گاؤں دھدوگی میں رہنے والے جے پرکاش کو اپنے گھر کی چھت پر غباروں کا ایک گچھا نظر آیا۔ ان کے ساتھ موجود بینر پر انگریزی زبان میں لاہور کے کالج کا نام اور سالانہ سپورٹس ڈے 2026 کی تفصیلات درج تھیں۔
جے پرکاش نے اس بارے میں پولیس کو آگاہ کیا، جس کے بعد اہلکار موقع پر پہنچے اور غباروں سمیت بینر کو اپنی تحویل میں لے کر معاملے کی چھان بین شروع کردی۔سولن کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سائی دتاتریہ ورما نے بتایا کہ پولیس کے سائبر کرائم سیل نے سوشل میڈیا پر تلاش کے دوران لاہور کے مذکورہ کالج کا فیس بک پیج دریافت کیا۔ وہاں 19 نومبر کو ہونے والی کھیلوں کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز موجود تھیں، جن میں انتظامیہ کو غبارے ہوا میں چھوڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔ اس طرح بھارتی پولیس نے غباروں کا تعلق لاہور کے کالج سے معلوم کرلیا۔واقعے کے بعد لاہور کے کالج انتظامیہ نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس غیر معمولی پیش رفت پر خوشی کا اظہار کیا۔ اپنے پیغام میں انتظامیہ نے کہا کہ کھیل لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ بنتے ہیں اور ان کی تقریب کا افتتاحی بینر سرحد پار محبت اور خیرسگالی کا پیغام لے کر پہنچ گیا۔کالج کی جانب سے مزید کہا گیا کہ آسمان کی طرح اس بینر کی پرواز بھی کسی سرحد کی پابند نہیں رہی۔
انڈیا کا ایس 400 ہمارے میزائل کیا روکے گا، وہ تو لاہور سے چھوڑے گئے ہمارے 6 غبارے تک نہ روک سکا! غباروں نے امرتسر کینٹ کے اوپر سے پرواز کی، جالندھر اور چندی گڑھ کو کراس کیا اور ہماچل پردیش کی وادیوں سے گزرتے ہوئے سولن کے علاقے ارکی میں ایک گھر کی چھت پر جا اترے۔ ان کا یہ سفر تقریباً 272 کلومیٹر تھا اور یہ 42 گھنٹے تک فضا میں رہے۔ مکمل کہانی ویڈیو میں
#LahoreBalloons #ansayasir #HimachalPradesh #ViralStory #S400 #punjabpost
Disclaimer: This post is for informational and news reporting purposes only. We do not promote or endorse any views, actions, or events mentioned. Content complies with community guidelines and is shared in the public interest by a news/media organization
— Punjab Post (@PunjabPostpk) November 24, 2026
یہ خوشگوار اتفاق ہے کہ بینر بھارت پہنچنے کے باوجود غباروں کے ساتھ محفوظ اور اپنی اصل حالت میں موجود رہا۔انتظامیہ نے اس بینر کو امن، محبت، کھیلوں کے جذبے اور دونوں پڑوسی ملکوں کے عوام کے درمیان بھائی چارے کی علامت قرار دیا۔ پیغام میں کہا گیا کہ دونوں ملکوں کے شہری ایک ہی فضا میں سانس لیتے اور ایک ہی آسمان تلے زندگی گزارتے ہیں۔دوسری جانب غبارے ملنے والے بھارتی شہری جے پرکاش نے بھی کالج کی سوشل میڈیا پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ’’میرے پیارے پڑوسیوں! آپ کے غبارے میرے گھر کی چھت پر آ کر اترے ہیں۔‘‘



















































