اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ دورہ لندن کے دوران سرکاری طیارے کے استعمال سے متعلق تنازع میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،
جہاں ان کے سفری اخراجات کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے لانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
صحافی اور تجزیہ کار رضوان رضی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ذمہ دار ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز نے برطانیہ کے دورے کے دوران استعمال ہونے والے طیارے کے تمام اخراجات کی تفصیلات جاری کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری طیارے پر مجموعی طور پر تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کے اخراجات آئے، جن میں پرواز کے علاوہ لینڈنگ، پارکنگ اور دیگر واجبات بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان اخراجات سے متعلق تصدیق شدہ دستاویزات منگل تک میڈیا اور عوام کے سامنے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
مریم نواز کے دورہ لندن کے دوران سرکاری طیارے کے استعمال کا معاملہ گزشتہ کچھ عرصے سے میڈیا اور اپوزیشن حلقوں میں زیر بحث تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن گئی تھیں، جس پر سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق مختلف سوالات اٹھائے گئے تھے۔
اب مبینہ طور پر اخراجات کی دستاویزات منظر عام پر لانے کے فیصلے کے بعد اس معاملے پر جاری بحث میں مزید وضاحت آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق، مریم نوازشریف نے اپنے طیارے کے خرچ، اس کے لینڈنگ و پارکنگ چارجز وغیرہ کے کل اڑھائی کروڑ روپے کے خرچ کی ادائیگی کو پبلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہو سکتا ہے کہ منگل یہ دستاویز مل جائیں۔
— Rizwan Razi™ (@realrazidada) September 11, 2026



















































