فیصل آباد (این این آئی)فیصل آباد میں 2019ء کی ریلی سے متعلق مقدمے میں (ن) لیگی وزرا اور ارکان اسمبلی سمیت 51ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔
عدالت نے طلال چوہدری، مصدق ملک اور میاں جاوید لطیف سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالتی حکم کے مطابق شہباز بابر، را کاشف، جعفر علی، قاسم فاروق، اعجاز ورک، حاجی اکرم انصاری اور میاں عبدالمنان کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔
عدالت نے تمام مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ فیکٹری ایریا کو انہیں 12 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔واضح رہے کہ22جولائی 2019کو جھنگ بازار سے فوارہ چوک کی جانب جانے والی سیاسی ریلی کے دوران لاڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال، ٹریفک کی روانی متاثر کرنے اور نعرے بازی کے الزامات پر تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔



















































