اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا،
جس کے بعد دونوں مصنوعات مزید مہنگی ہوگئی ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخ میں بھی 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی یہ نئی قیمتیں 10 ستمبر سے نافذ ہوں گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 21 روپے 88 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا، جبکہ اسی عرصے میں ڈیزل کے نرخ 14 روپے 62 پیسے فی لیٹر بڑھ گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 7 ستمبر کو پیٹرول 345 روپے 87 پیسے فی لیٹر میں دستیاب تھا، جو حالیہ اضافے کے بعد بڑھ کر 367 روپے 75 پیسے ہوگیا ہے۔
دوسری جانب 7 ستمبر کو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 378 روپے 5 پیسے فی لیٹر تھی، جو اب 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔



















































