اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پشاور (10 ستمبر 2026): خیبر پختونخوا کی پی ٹی آئی حکومت نے صحت کارڈ پلس پروگرام
کے تحت سرکاری ملازمین کو اضافی طبی سہولت فراہم کرنے کے لیے ٹاپ اَپ ہیلتھ پیکج متعارف کرانے کی تجویز پیش کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صحت کارڈ پلس پروگرام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکیم کو مزید مؤثر، منظم اور طویل مدت تک جاری رکھنے کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران صحت کارڈ کے ذریعے مہنگے علاج کی کوریج میں اضافے اور مختلف طبی خدمات کے سروس ریٹس بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کیلئے صحت کارڈ کے تحت اضافی سہولت کے طور پر ٹاپ اَپ ہیلتھ پیکج شروع کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے تحت صحت اور تعلیم حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی مراکز صحت میں اصلاحات اور جدید سہولتوں کی فراہمی کا مقصد عوام کو ان کے گھر کی دہلیز کے قریب بہتر طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو معیاری اور بہترین صحت کی سہولتیں دینا حکومت کا بنیادی ہدف ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صحت اور تعلیم سے متعلق معاملات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے مزید ہدایت کی کہ صحت کارڈ پلس کی سہولت کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ یہ پروگرام حقیقی مستحقین تک شفاف انداز میں پہنچ سکے۔



















































