اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان کی سولر مارکیٹ میں پینلز کی قیمتیں مجموعی طور پر مستحکم ہیں،
تاہم مختلف کمپنیوں، ماڈلز اور مقامی مارکیٹ کے باعث نرخوں میں معمولی فرق برقرار ہے۔دستیاب مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق 585 واٹ سولر پینل کی قیمت تقریباً 25 ہزار سے 28 ہزار روپے کے درمیان بتائی جا رہی ہے، جبکہ 590 واٹ پینل مختلف مارکیٹوں میں 27 ہزار سے 31 ہزار روپے تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب جدید ٹیکنالوجی کے حامل 600 سے 620 واٹ N-Type بائی فیشل پینلز کے نرخ تقریباً 28 ہزار سے 31 ہزار روپے تک دیکھے جا رہے ہیں۔ تاہم اعلیٰ معیار کے بعض پریمیم برانڈز اور زیادہ واٹ والے پینلز کی قیمتیں اس رینج سے زیادہ بھی ہوسکتی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سولر پینلز کی قیمتوں کا انحصار برانڈ، ٹیکنالوجی، پاور آؤٹ پٹ، درآمدی اخراجات اور شہر سمیت متعدد عوامل پر ہوتا ہے۔ موجودہ صورتحال میں Tier-1 پینلز کے فی واٹ نرخ تقریباً 39 سے 46 روپے تک رپورٹ کیے گئے ہیں۔ماہرین کی جانب سے صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سولر پینل خریدتے وقت صرف کم قیمت کو ترجیح نہ دیں بلکہ اس کی ٹیکنالوجی، اصل سیریل نمبر، وارنٹی اور کارکردگی کو بھی لازمی جانچیں۔واضح رہے کہ سولر پینلز کے نرخ مارکیٹ کی صورتحال، ڈیلر، برانڈ، شہر اور دستیابی کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوسکتے ہیں۔



















































