جمعہ‬‮ ، 11 ستمبر‬‮ 2026 

امراض قلب تیزی سے پھیلنے کی ایک اہم اور عام وجہ دریافت

datetime 11  ستمبر‬‮  2026 |

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) رات کو سوتے وقت کمرے میں روشنی کا موجود ہونا صحت پر منفی اثرات ڈال سکتا ہے۔

طبی ماہرین گزشتہ کئی برسوں سے مصنوعی روشنی اور مختلف بیماریوں کے درمیان ممکنہ تعلق کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ نئی تحقیق میں اس کے دل کی صحت پر اثرات بھی سامنے آئے ہیں۔

امریکا کی Tulane یونیورسٹی سے وابستہ محققین کی تازہ تحقیق کے مطابق رات کے وقت مکمل اندھیرے کے بجائے روشنی میں سونے سے دل کی ساخت اور اس کے معمول کے افعال متاثر ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق میں یوکے بائیو بینک سے حاصل کیے گئے 11 ہزار سے زائد افراد کے طبی ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

مطالعے میں شریک افراد نے مسلسل سات روز تک کلائی پر لائٹ سینسر پہنے، جس کے ذریعے محققین نے رات کے اوقات میں ان کے اردگرد موجود روشنی کی مقدار کا ریکارڈ حاصل کیا۔ تقریباً تین سال بعد ان افراد کے دلوں کے ایم آر آئی اسکین کیے گئے تاکہ دل کی ساخت اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جاسکے۔

محققین نے بعد ازاں مکمل تاریکی میں سونے والے افراد کا موازنہ مدھم روشنی میں نیند لینے والوں سے کیا۔ نتائج میں سامنے آیا کہ رات کے وقت روشنی میں سونے والے افراد کے دل کے بائیں خانے کی دیوار نسبتاً موٹی جبکہ اس کے اندر موجود گنجائش کم پائی گئی۔

تحقیق کے مطابق ایسے افراد کے دل کے پٹھوں کی لچک بھی متاثر ہوئی، جو اس بات کی علامت سمجھی جاتی ہے کہ دل خون کو مؤثر انداز میں پمپ کرنے کے لیے پہلے کی طرح کام نہیں کر رہا۔ اسی نوعیت کی تبدیلیاں دل کے دائیں خانے میں بھی مشاہدے میں آئیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کی ابتدائی تحقیقات میں سے ایک ہے جس میں رات کی روشنی اور دل کی ساخت میں تبدیلی کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے۔ ان کے مطابق دل میں اس قسم کی تبدیلیاں عموماً طویل عرصے تک رہنے والے دباؤ یا دل کو پہنچنے والے نقصان کے نتیجے میں پیدا ہوسکتی ہیں، جو مستقبل میں ہارٹ فیلیئر، ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے سنگین مسائل کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔

تحقیق کے نتائج یورپین ہارٹ جرنل میں شائع کیے گئے ہیں۔

اس سے قبل اکتوبر 2025 میں JAMA Network Open میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بھی رات کے وقت زیادہ روشنی میں سونے اور امراض قلب کے خطرے کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی گئی تھی۔ اس مطالعے میں 49 سے 69 سال کی عمر کے 5 لاکھ سے زیادہ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا تھا۔

شرکا نے 2013 سے 2022 کے دوران ایک ہفتے تک لائٹ ٹریکرز استعمال کیے، جن کے ذریعے رات ساڑھے 12 بجے سے صبح 6 بجے تک روشنی میں رہنے کے اثرات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ان کی مجموعی صحت کو تقریباً 9 سال تک مانیٹر کیا گیا۔

نتائج کے مطابق زیادہ روشن ماحول میں سونے والے افراد میں ہارٹ فیلیئر کا خطرہ 56 فیصد، دل کی شریانوں کے مرض کا امکان 32 فیصد اور فالج کا خطرہ 28 فیصد تک زیادہ پایا گیا۔ اسی تحقیق میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ 47 فیصد جبکہ دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کے عارضے کا امکان 32 فیصد تک بڑھنے کی نشاندہی بھی کی گئی۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ مردوں کے مقابلے میں خواتین میں ہارٹ فیلیئر کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے، جبکہ کم عمر افراد میں رات کو زیادہ روشنی میں سونے کا تعلق ہارٹ فیلیئر اور دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی کے بڑھتے ہوئے خطرے سے بھی دیکھا گیا۔

تاہم ماہرین نے واضح کیا کہ ان تحقیقات سے براہ راست یہ ثابت نہیں ہوتا کہ رات کے وقت روشنی ہی امراض قلب کی وجہ بنتی ہے۔ موجودہ شواہد بنیادی طور پر روشنی اور دل کی بیماریوں کے درمیان تعلق کی نشاندہی کرتے ہیں، اس لیے اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ سونے کے وقت کمرے کو حتی الامکان تاریک رکھا جائے۔ اگر مکمل اندھیرا ممکن نہ ہو تو تیز روشنی کے بجائے مدھم روشنی استعمال کرنا بہتر انتخاب ہوسکتا ہے۔



کالم



پتھر کے زمانے سے اے آئی تک(سترہواں حصہ)


ہماری گلی میں شراب کی دکان تھی‘ وہ چھوٹی سی تنگ…

پتھر کے زمانے سے اے آئی تک(سولہواں حصہ)

لالہ موسیٰ شہر میں ایک سرکاری اور تین پرائیویٹ…

پتھر کے زمانے سے اے آئی تک(پندرہواں حصہ)

ہمارے زمانے میں ڈاک خانہ اور ریلوے سب سے بڑے ادارے…

پتھر کے زمانے سے اے آئی تک(چودہواں حصہ)

ہمارے زمانے میں کرائے پر سائیکل ملتی تھی‘ یہ…

پتھر کے زمانے سے اے آئی تک(تیرہواں حصہ)

میرا پورا بچپن چیری بلوسم شوپالش سے اپنے اور…

پتھر کے زمانے سے اے آئی تک(بارہواں حصہ)

ہم بچپن میں دو سنگین مسائل کا شکار تھے‘ ٹیلی…

سنت یہ بھی ہے

ربیع الاول کا مقدس مہینہ ایک بار پھر ہمارے درمیان…

پتھر کے زمانے سے اے آئی تک(گیارہواں حصہ)

ہم ڈاک خانے والی گلی میں رہتے تھے‘ گلی کے شروع…

پتھر کے زمانے سے اے آئی تک(دسواں حصہ)

ہمارے بچپن میں واش رومز یا ٹوائلٹس چھتوں پر ہوتے…

پتھر کے زمانے سے اے آئی تک(نواں حصہ)

مجھے مدت بعد پتا چلا میری عمر کے لوگوں کی کام…

پتھر کے زمانے سے اے آئی تک(آٹھواں حصہ)

ہم کھاریاں سے لالہ موسیٰ شفٹ ہو گئے‘ ہماری گلی…