اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق حتمی فیصلہ پارلیمنٹ ہی کرے گی،
جبکہ حکومت اپنے طور پر ریفرنڈم کرانے کا فیصلہ نہیں کرسکتی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثناءاللہ نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے اندر نئے صوبوں کے معاملے پر مشاورت جاری ہے۔ ان کے مطابق جب یہ معاملہ پارلیمنٹ کے سامنے آئے گا تو مسلم لیگ (ن) اپنی پالیسی واضح کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی جانب سے زیادہ ردعمل سامنے آیا ہے، تاہم نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بات چیت مناسب فورم سے شروع نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں اب تک اس معاملے پر کوئی باقاعدہ بحث نہیں ہوئی۔
رانا ثناءاللہ کے مطابق ایک وفاقی وزیر نے اکنامک فورم پر صوبوں کے معاملے کو زیر بحث لا کر مناسب اقدام نہیں کیا، کیونکہ اس معاملے کو پہلے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی وزیر نے صوبوں کے معاملے کو کابینہ کے اجلاس میں نہیں اٹھایا۔



















































