اسلام آباد (نیوز ڈیسک)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایک غیر معمولی عسکری رہنما قرار دیتے ہوئے پاکستان کے کردار کی بھرپور تعریف کی ہے۔
سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات کے آغاز سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانا چاہتا ہے اور ایران سے بھی مثبت اور تعمیری کردار کی توقع رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی امن کے قیام میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔
امریکی نائب صدر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک بہترین فوجی قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ان کی جتنی گفتگو فیلڈ مارشل سے ہوئی، اتنی شاید کسی اور شخصیت سے نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حکمت عملی اور رہنمائی نہ ہوتی تو موجودہ پیش رفت ممکن نہ ہو پاتی۔
جے ڈی وینس نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ان کی زندگی میں دو شخصیات انتہائی اہم ہیں، جن میں ایک بھارتی اور دوسری پاکستانی ہے۔ ان کے مطابق بھارتی شخصیت ان کی اہلیہ ہیں جبکہ پاکستانی شخصیت فیلڈ مارشل عاصم منیر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کا قیام امریکا کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ لبنان کی صورتحال پر بھی گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ ان کے بقول امریکی صدر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے حل کے لیے سرگرم ہیں۔
امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے اپنی ٹیم کو مختلف عالمی مسائل کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام فریق مل کر ایک ایسے مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں جہاں امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہو۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا ایران کے عوام کے ساتھ تعلقات میں بہتری اور خطے میں استحکام کے لیے نئی شروعات کا خواہاں ہے۔ ان کے مطابق موجودہ پیش رفت امن کے فروغ، بحرانوں کے خاتمے اور بہتر مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔



















































