لاہور( این این آئی)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ علی امین گنڈاپور نے ہماری بات سننا شروع کی تو انہیں ہٹا دیا گیا تھا،
سہیل آفریدی ہماری بات سن رہے ہیں،صحیح بات سنتے ہیں، کچھ لوگ اب سہیل آفریدی سے بھی ناراض ہیں،وہ ان کی چھٹی کرانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کوئی نیا وزیراعلی لانا چاہتی ہے تو لے آئے۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور کرتا رہے گا، مسلم ممالک کی بہتری کیلئے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کردار ادا کر رہی ہے، اللہ تعالی پاکستان کو سرخرو کرے گا۔امریکہ نے ایران پر جتنی بمباری کرنی تھی کر لی، امریکہ نے اب سمندری ناکہ بندی پر اکتفا کر لیا ہے، کوشش ہے پاکستان کے کردار سے آبنائے ہرمز کھل جائے،وزیراعظم،نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا روز کسی نہ کسی سے رابطہ ہوتا ہے۔وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو بھی اعتماد میں لیا تھا، دنیا کو نقصان ہو رہا ہے،پاکستان بھی برداشت کر رہا ہے، ہم جنگ کو اس نظر سے نہیں دیکھتے کہ ہمیں کوئی موقع ملے گا، پاکستان چاہتا ہے کہ جنگ ختم ہو، ہم چاہتے ہیں عالم اسلام کو جو بھی مواقع ملیں وہ امن کی صورت میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فوائد پاکستان اور ایران دونوں کو ملیں گے، بجلی اسٹور کرنے کی صلاحیت سولر لگانے والوں کے پاس کم ہے، ڈسکوز کے پاس بھی بجلی اسٹور کرنے کی صلاحیت نہیں، پیک آورز میں بجلی کی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے، مہنگی بجلی نہ بنانے کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کرنا پڑتی ہے۔ دکانیں بند کرانے کی وجہ بھی یہی ہے کہ پیک آور میں بجلی کم خرچ ہو،حکومت سولر جنریشن کا اتنا وزن اٹھانا چاہتی ہے جتنا ایڈجسٹ کر سکتی ہے، لوگ اپنے استعمال کیلئے جتنے مرضی سولر لگائیں قدغن نہیں، لوگ اپنے استعمال کیلئے جتنے مرضی سولر لگائیں کوئی نہیں روک سکتا۔



















































