اسلام آباد (نیوز ڈیسک): سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان کی پاکستان آمد سے متعلق حکومتی بیانات پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں جمائمہ نے الزام لگایا کہ ان کے بیٹوں کو اپنے والد عمران خان سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اگر ان کے بچے اپنے والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آئے تو انہیں بھی گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا جائے گا۔
جمائمہ نے اس صورتحال پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل کسی جمہوری ریاست کا نہیں بلکہ ذاتی دشمنی اور انتقامی کارروائی کی عکاسی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما نعیم پنجوتھا نے حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ عمران خان کے دونوں صاحبزادے، قاسم اور سلیمان، اپنے والد سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق پارٹی کی خواتین قیادت، خصوصاً عمران خان کی بہنیں، بھی اس تحریک کا حصہ بنیں گی، تاہم تحریک کی قیادت پارٹی عہدیداروں کے پاس ہی رہے گی۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے واضح کیا کہ اگر عمران خان کے بیٹے سیاسی مقاصد کے لیے پاکستان آنا چاہتے ہیں اور اس سے ملک میں انتشار کا خطرہ پیدا ہوتا ہے، تو ایسی صورت میں ان کی آمد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔