پشاور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس اندورنی کہانی سامنے آگئی ہے، خیبر پختونخوا کے دو وزراء کی اجلاس میں عدم شرکت پر ان سے قلمدان واپس لینے کی بازگشت ہے۔ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو اور صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی پر ڈی نوٹیفائی کئے جانے کی تلوار لٹکنے لگی ہے، دونوں وزراء سے قلمدان واپس لئے جانے کا امکان ہے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں وزارتوں کے بارے میں شکایات موصول ہوئی تھیں۔
علاوہ ازیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اراکین کی عدم دلچسپی اور کورم پورا نہ ہونے پر اسمبلی اجلاس مسلسل ملتوی ہونے پر ناراضی کا اظہار کرکے غیر حاضر رہنے والے اراکین کی تخواہیں کاٹنے کا اعلان کردیا ہے۔وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسمبلی کورم والا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ اجلاس میں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کو بتا گیا کہ حکومتی اراکین اور کئی وزراء اکثر اسمبلی اجلاس سے غائب رہتے ہیں جس کی وجہ سے کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس کو ملتوی کرنا پڑتا ہے۔ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی اجلاس کو بتایا گیا کہ کابینہ ممبران کی عدم موجودگی کے باعث اسمبلی میں سوالات کے جواب دینے کا بھی مسئلہ ہوتا ہے۔ جس پر وزیر اعلیٰ نے تمام اراکین کو اجلاس میں بروقت شرکت کی سختی سے ہدایت کی اور بتایا کہ اسمبلی اجلاس سے غائب رہنے والا غیر حاضر تصور ہو گا اور اس کی تنخواہ سے کٹوتی ہوگی۔علی امین گنڈاپور نے متعلقہ افسران کو تنخواہوں کی کٹوتی کے ان کے فیصلے پر سختی سے عمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس کے علاوہ اجلاس میںوزیراعلیٰ نے پارلیمانی پارٹی کو ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔اجلاس میں کرم معاملے پر حکومتی اقدامات پر بھی بات کی گئی اور بتایا گیا کہ حکومت ہر حال میں امن کو یقینی بنائے گی۔