اسلام آباد(این این آئی)سینیٹ میں 96سینیٹرز کیلئے ایک ہزار ملازمین کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے یہ انکشاف کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑنے کہاکہ پارلیمان میں اسٹاف کی کمی نہیں،سیاسی مقاصد کیلئے ملازمین بھرتی کئے گئے اور 96سینیٹرز کیلئے ایک ہزار ملازمین موجود ہیں۔
انہوںنے کہاکہ رکن پارلیمنٹ کی تنخواہ ایک لاکھ 70ہزار تک ہے،ارکان پارلیمنٹ اپنے بجلی اور گیس کے بلز خود دیتے ہیں،کام کے اعتبار سے سب سے کم تنخواہ ہے۔وزیر قانون نے کہاکہ 20سے زائد اراکین قومی اسمبلی کے پاس سرکاری رہائشگاہ موجود نہیں ہے، پارلیمنٹ کے نئے لاجز کاکام 80فیصد مکمل ہے۔قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے نئیلاجز پر دوبارہ کام شروع کرنے کیلئے چیئرمین سینیٹ اوراسپیکر قومی اسمبلی سے مشاورت کی سفارش کی۔