پشاور (اسلام آباد نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے حوالے سے بعض شہریوں نے وفاقی حکومت کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 13 برس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق شہریوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں دہشت گردی اور بدعنوانی میں اضافہ ہوا، جبکہ ترقیاتی منصوبوں پر خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔
رپورٹ کے مطابق بعض افراد نے صوبائی حکومت کے خاتمے پر خوشی کا اظہار کیا، اسے یومِ نجات قرار دیا اور اس موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔ ان شہریوں کا مؤقف تھا کہ صوبے میں ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران بدعنوانی اور انتظامی مسائل میں اضافہ ہوا۔
شہریوں نے مزید دعویٰ کیا کہ وفاق سے ملنے والے فنڈز عوامی ترقی کے بجائے سیاسی سرگرمیوں اور دھرنوں پر خرچ کیے گئے، جس سے صوبے کی ترقی متاثر ہوئی۔
انہوں نے وفاقی حکومت کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے نئے انتظامی نظام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور عوامی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔



















































