لاہور( این این آئی) ٹریفک پولیس نے جان لیوا حادثات کا سبب بننے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جان لیوا حادثات میں ملوث 170 ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دئیے گئے ہیں، جبکہ آئندہ ہر مہلک اور شدید غیر مہلک حادثے پر بھی ڈرائیور کا لائسنس معطل کیا جائے گا۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی کے مطابق مہلک حادثات کے ذمہ دار ڈرائیورز کو لائسنس کی معطلی کے ساتھ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔ حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس معطل کرنے کا عمل عدالتی احکامات سے مشروط ہوگا۔سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر ڈرائیونگ لائسنس کم از کم ایک سال کے لیے معطل رہے گا۔ معطل لائسنس کے باوجود دوبارہ گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔



















































