اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اسلام آباد (2 ستمبر 2026) ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے
متعلق جاری بحث کے دوران حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے اہم فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک میں نئے صوبے بنانے کے معاملے پر سیاسی حلقوں میں مختلف آرا پائی جاتی ہیں، جبکہ متعدد سیاسی جماعتیں بھی اس حوالے سے اپنے مؤقف کا اظہار کرچکی ہیں۔
ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق اور پنجاب میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نئے صوبوں کے قیام کی حمایت اکیلے کرنے کے بجائے اسے پاکستان پیپلز پارٹی کی رضامندی سے مشروط کرے گی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پارٹی تنہا نئے صوبوں کے قیام کی حمایت نہیں کرے گی۔ اس معاملے کو آگے بڑھانے کے لیے پیپلز پارٹی کی رضامندی ضروری ہوگی۔
پارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ ن لیگ کے اندر یہ رائے پائی جاتی ہے کہ اگر سندھ کی تقسیم کے معاملے پر پیپلز پارٹی آمادہ ہوتی ہے تو ملک میں مزید صوبوں کے قیام کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کا مؤقف ہے کہ اگر سندھ کی تقسیم پر اتفاق نہیں ہوتا تو ملک میں کسی نئے صوبے کے قیام کی حمایت نہیں کی جائے گی۔ یوں نئے صوبوں کے معاملے پر آئندہ پیش رفت کا انحصار پیپلز پارٹی کے مؤقف پر ہوگا۔



















































