اسلام آباد (این این آئی) ترجمان پی ٹی آئی رئوف حسن نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں بڑا سرپرائز دیں گے، ورکرز کی فیملیز کے ساتھ بد سلوکی معمول بن گیا ہے،جیل میں قید عالیہ حمزہ بیمار ہیں،علاج نہیں کروایا گیا،بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی رئوف حسن نے ضمنی الیکشن کے تناظر میں کہا کہ آر اوز سے خالی کاغذات پر دستخط کروائے جا رہے ہیں، نہ ماننے والے آر اوز کو پکڑ کر ٹارچر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے اعلان کے بعد چھاپے مارے جا رہے ہیں، ورکرز کی فیملیز کے ساتھ بد سلوکی معمول بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ (آج) پوری کوشش کریں گے کہ ضمنی الیکشن میں بڑا سرپرائز دیں۔ انہوں نے کہا کہ8فروری کو انٹرنیٹ بند کیا تھا، کل بھی انٹرنیٹ بند کرنے کی نوید سنا دی ہے۔پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور ڈاکٹر یاسمین راشد اس وقت قید میں ہیں، عالیہ حمزہ بیمار ہے ان کو ملیریا ہوگیا ہے علاج بھی نہیں کروایا گیا،بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر چیف جسٹس کو خط لکھا ہے، توشہ خانہ کے ریفرنس اور دیگر کیسز کا بھی خط میں لکھا گیا ہے۔