اسلام آباد (این این آئی)اینٹی کرپشن راولپنڈی نے کارروائی کرکے چکوال کے سابق نائب تحصیلدار نجف حمید کو گرفتار کرلیا۔حکام کے مطابق نجف حمید کیخلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے مقدمہ درج کررکھا تھا۔محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق تحقیقات میں الزامات ثابت ہونے اور عبوری ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا، مقدمے میں سابق صوبائی وزیرحافظ عماریاسر بھی نامزد تھے۔نجف حمید کو اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت کے جج علی نواز بکھر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے نجف حمید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست خارج کردی اور ملزم کو اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا۔عدالت نے نائب تحصیلدار کو جوڈیشل ریمانڈ منظور ہونے پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دیا۔اس کے بعد نجف حمید نے ضمانت قبل ازگرفتاری کیلئے سینئر سول جج سے رجوع کرلیا، ملزم کو سینئر سول جج وقار حسین گوندل کی عدالت میں پیش کیا گیا۔اینٹی کرپشن تفتیشی ٹیم نے نجف حمید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا کی، عدالت نے ملزم کو یکم اپریل کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔