اسلام آباد (این این آئی)دو سابق وزرائے اعظم کو سزائیں سنانے والے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریٹائر ہوگئے۔جج محمد بشیر 13 مارچ 2012ء کو احتساب عدالت میں تعینات ہوئے تھے، انہوں نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو سزائیں سنائیں۔جج محمد بشیر نے 2018ء میں ایون فیلڈ پراپرٹیز کیس میں نواز شریف کو 10 سال قید بامشقت، مریم نواز کو 7 سال قید بامشقت اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی جبکہ حسن اور حسین نواز کو اشتہاری ملزم قرار دیا گیا تھا۔
جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی اور بانی پی ٹی آئی کو 10 سال کے لیے نااہل بھی قرار دیا تھا۔جج محمد بشیر کے پاس صدر مملکت آصف زرداری کے خلاف کیسز بھی زیر سماعت رہے، انہوں نے شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف اور یوسف گیلانی کے کیسز بھی سنے، انہوں نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنانے کے بعد میڈیکل رخصت لے لی تھی۔